پنجاب، سیلابی ریلوں نے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں تباہی مچا دی

Flood

Flood

سیالکوٹ (جیوڈیسک) سیلابی ریلوں نے سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں تباہی مچادی، ہیڈخانکی، قادرآباد اور ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے ۔ ہیڈمرالہ پر اگر پانی کی سطح 9 لاکھ کیوسک ہوگئی تو اس کے قریب حفاظتی بند توڑ نے کا فیصلہ کیا گیاہے جس سے گجرات کے مزید 36 سے زائد دیہات زیر آب آنے کا خدشہ ہے دریائے چناب کے سیلاب نے ہرطرف تباہی مچادی ہے، سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے ، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔

گوجرانولا، سیالکوٹ، راولپنڈی، ہیڈمرالہ، منڈی بہاءالدین، خانکی اور قادر آباد کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جس میں ہیلی کاپٹرز اور کشتیاں بھی استعمال کی جارہی ہیں۔ ہیڈ خانکی کے مقام پر نئے بیراج کی تعمیر کے لئے بنائے گئے عارضی بند کو توڑدیا گیا۔۔ ایکسیئن انحار محمد رشید کے مطابق مزید دیہات بچانے کے لئے عارضی بند کو توڑا گیا ہے اگر اس بند کو نہ توڑا جاتا تو سیلابی پانی شہروں میں داخل ہوسکتا تھا۔

گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاءالدین کے دو سو سےزائد دیہات زیر آب آگئے ، دریائے چناب کا پانی وزیر آباد شہر میں بھی داخل ہوگیا ہے۔ آج صبح 10 بجے سے رات ایک بجے کے دوران 9 لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ ہیڈ قادر آباد سے گزرنے کا امکان ہے۔ اور یہی ریلہ تریموں ہیڈ ورکس کی جانب بڑھے گا۔