پنجاب: سیلاب و بارشیں، جاں بحق افراد کی تعداد 184 ہو گئی

Pakistan Flood

Pakistan Flood

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں سیلاب اور بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد ایک سو چوراسی ہو گئی ہے۔ دس لاکھ پانچ ہزار ایکڑ سے زائد پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، دریا جن کو سیراب کرتا تھا، اب کی بار تباہ کر گیا، جو دریائے چناب کے دم سے خوشحال تھے، اب بیحال ہو گئے ہیں، این ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق سیلاب سے اٹھارہ لاکھ، تراسی ہزار چار سو اکاون افراد پر مشتمل آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔

دس لاکھ پانچ ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں یعنی لاکھوں افراد کی پورے سال کی کمائی دریا ایک لہر میں بہا لے گیا۔اب تک اکاون افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر زندگی گنوا بیٹھے ہیں جبکہ بارش میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے باعث تین سو سینتالیس افراد جاں بحق ہو گئے۔

دو ہزار تین سو اکسٹھ دیہات سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں، سترہ سو بائیس مکانات تباہ ہو چکے ہیں جن میں سے چھ ہزار کو جزوی نقصان پنچا ہے، تین سو تریپن مویشی مر گئے ہیں، این ڈی ایم کے مطابق پاک فوج اور پولیس سمیت گیارہ ادارے ریسکیو کا کام کر رہے ہیں، متاثرہ اضلاع میں تین سو انسٹھ کیمپس قائم کئے گئے ہیں جن میں آٹھ ہزار آٹھ سو ستر متاثرین لائے گئے ہیں۔