پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کی ذمہ دار حکومت پنجاب ہے، سعدیہ سہیل رانا
Posted on August 30, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کی ذمہ دار حکومت پنجاب ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے پاس بلڈوزرز نہ ہونے کی وجہ سے دریائوں کے پشتے مضبوط نہ ہو سکے۔
وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے محکمہ زراعت کے افسروں کو کہا کہ پرانے بلڈزرز بیچ دو میں نئے بلڈوزرز لے کر دوں گا، محکمہ زراعت نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پرانے بلڈوزرز بیچ دئیے اور سرکاری خزانے میں 17 کروڑ روپے جمع کروا دئیے جس رقم سے حکومت پنجاب نے لیپ ٹاپ خرید لئے اور نئے بلڈوزرز نہ خریدے گئے۔
ان بلڈوزرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے دریائوں کے پشتے مضبوط نہ ہو سکے اور دریائوں میں آنے والے پانی سے بہت جانی و مالی نقصان ہوا، بلڈوزرز کی موجودگی سے پنجاب بھر میں 40 لاکھ ایکڑ ناقابلِ کاشت رقبے کو قابل کاشت بنایا جا سکتا ہے اور گندم میں 15 لاکھ ٹن اضافہ ہو سکتا ہے۔