لاہور (جیوڈیسک) سیلاب سے جہاں متعددعلاقوں میں مکانات گر گئے اور کئی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں، وہیں وسیع پیمانے پر سبزیوں اور دیگر فصلوں کی بھی تباہی ہوئی۔ مارکیٹ میں قلت پیدا ہونے سے سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ بارشوں اور سیلاب نے پنجاب سمیت ملک کے وسیع رقبے کو متاثر کیا، کھڑی فصلیں اورسبزیاں تباہ ہو گئیں، جس کا براہِ راست اثرمارکیٹ پر پڑا اور سبزیوں کی قلت پیدا ہو گئی، پیاز، آلو، ٹماٹر، ہری مرچ، بھنڈی اور مٹر سمیت سبھی سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، صارفین کہتے ہیں کہ مہنگائی نے پہلے ہی مار رکھاہے۔
سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے نے رہی کسر بھی نکال دی۔ صورتحال سے دکاندار بھی پریشان ہیں کہتے ہیں کہ منڈی میں مال ہی کم آ رہا ہے، وہ کیا کریں۔ پنجاب کے وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ قلت کا خدشہ تو ہے لیکن ذخیرہ اندوزوں کو فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے، عوام کو ہرصورت سستی سبزیاں فراہم کی جائیں گی۔ دکاندار کہتے ہیں کہ سبزی کی قلت کا فائدہ ذخیرہ اندوز اٹھا رہے ہیں، جو سستا مال مہنگا بیچ رہے ہیں، ماہرین زراعت امور کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا ٹھوس نظام نہ ہونے سے سارا بوجھ صارف پر پڑتا ہے۔