فیصل آباد (جیوڈیسک) پنجاب بھر کے میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، خراب موسم کے باعث فضائی اور زمینی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے، اب دھند کے باوجود موٹر وے ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔
موٹر وے حکام کا کہنا ہے گاڑیوں کو قافلوں کی صورت میں چلائیں گے۔ پی آئی اے نے چار شہروں کے لیے پروازیں بند کر دیں، ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے، موٹروے ایم ٹو پر پنڈی بھٹیاں سے لاہور، اسلام آباد سے چکری تک شدید دھند ہے تاہم موٹر وے حکام نے موٹر وے کو کسی بھی صورت بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
موٹر وے پر گاڑیوں کو قافلے کی صورت میں چلایا جائے گا۔ سفر کے دوران موٹروے پولیس کی گاڑیاں بھی قافلے کے آگے چلیں گی۔
آئی جی موٹر وے ذوالفقاراحمد چیمہ کا کہنا ہے کہ موٹروے کو بند نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب پی آئی اے نے چار شہروں ملتان، رحیم یار خان، بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان کی پروازیں 31 دسمبر تک بند کر دی ہیں۔