لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 21 زخمی ہو گئے ۔
جبکہ شدید دھند نے پنجاب کے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، لاہور ، اسلام آباد ، شیخوپورہ اور فیصل آباد موٹر وے بند کرنا پڑی ، لاہور ائیر پورٹ پر فلائٹس آپریشن بھی معطل ہو گیا جس سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا ۔
اس کے علاوہ دھند کے باعث سکھیکی میں لاہور سے سرگودھا جانے والی مسافر بس سے مخالف سمت سے آنے والا ٹرک ٹکرا گیا جس سے خاتون جاں بحق ہو گئی ، حادثے میں 12 مسافر زخمی بھی ہو گئے ، زخمی کو رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ سکھیکی میں ہی ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔
دوسری طرف سرگودھا میں دھند کی وجہ سے ٹرک اور اسکول وین میں تصادم ہو گیا ، حادثے میں وین ڈرائیور کی جان ہی چلی گئی جبکہ 6 طلبا زخمی بھی ہو گئے۔
وہاڑی میں میلسی روڈ پر دو موٹر سائیکل ٹکرانے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ میاں چنوں میں بھی تلمبہ روڈ پر کار اور موٹرسائیکل میں تصادم سے تین افراد زخمی ہو گئے ۔
انتظامیہ کی طرف سے ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس اور ونڈ اسکرین وائپرز استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔