لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے ، لاہور , بہاولپورمیں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں چار افراد جاں بحق ہوگئے ، حد نظر صفر ہونے کے بعد موٹروے بند کر دیا گیا جبکہ لاہور اور ملتان میں ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل ہے ، مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
لاہور جین مندر کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت عتیق کے نام سے ہوئی ہے ۔ لٹن روڈ پر شدید دھند کے باعث ٹرک نے ناظم نامی شخص کو کچل دیا جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ دوسری طرف دھند نے پنجاب کے اکثر علاقوں میں زندگی مفلوج کر رکھی ہے ۔ حد نظر صفر ہونے کے بعد لاہور ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا ۔ کئی پروازیں متاثر ہونے کے باعث مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اندرون اور بیرون ملک سے آنیوالی پروازوں کو بھی دوسرے ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔
دوسری جانب موٹر وے پر تمام گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب اور دوران سفر فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملتان اور گردونواح کے علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید دھند کے باعث حد نظر انتہائی کم ہو کر 50 میٹر ہوگئی ۔ شدید دھند کے باعث ایئر پورٹ کو بھی پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث کراچی جانے والی پی آئی اے اور نجی ایئر لائن کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں ، دھند سے ٹرینیں بھی غیر معمولی تا خیر کا شکار ہیں۔