لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب بھر میں سردی بڑھنے سے دھند میں اضافہ ہوگیا جب کہ کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر ہو گئی۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند بڑھنے پر موٹر وے متعدد مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی، فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ لاہورعلامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے سے ہزار وں مسافر منزل مقصود پر نہ پہنچ سکے،دھند کے باعث لاہور آنے والی پروازوں کو کراچی، اسلام آباد اور سیالکوٹ ائیر پورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی۔
دوسری جانب دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق ہوگئے، گزشتہ روز ساہیوال پاکپتن روڈ پر ریسکیواہلکا 26 سالہ شاکر اپنی ڈیوٹی پر آنے کے لیئے گاؤں سے ساہیوال ریسکیو آفس آرہا تھا کہ نور پور کے قریب تیز رفتار بس نے کچل دیا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر جابحق ہوگیا۔
ادھر اوکاڑہ بائی پاس پر مزدا اورٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں خانقاہ ڈوگراں کارہائشی نوجوان مصطفی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک شخص شدید زخمی بھی ہوا۔پتوکی ملتان روڈ پر بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوارلاہور کا رہائشی نوجوان بوٹا موقع پر دم توڑ گیا۔
موسمیات کے مطابق آج بادل برسانے والا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا،کل لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ آج گلگت بلتستان،بالائی خیبر پختونخوا،بالائی، وسطی پنجاب، اسلام آباد اورکشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت اسکردو منفی9ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔حافظ آباد شہر اور اسکے مضافات بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔