فیصل آباد(جیوڈیسک) پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث حادثات میں اضافہ ہو گیا، لاہور میں دو حادثوں میں دو خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے،دیگر شہروں میں بھی ٹریفک حادثات میں تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
لاہور میں شدید دھند کے باعث ڈیفنس فیز تھری میں گھوڑا چوک کے قریب گاڑی الٹ کر سڑک کے دوسرے طرف سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی،کار میں سوار بیس سالہ مشال اور سولہ سالہ عنیزہ دم توڑ گئیں۔
دوسری کارمیں سوار تئیس سالہ طارق اور اس کا پینتیس سالہ بھائی غلام نبی بھی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ لاہور کے علاقے جوٹر ٹاؤں مین بلیوارڈ پر موٹر سائیکل سوار نوجوان کھڑے ٹرک سے جا ٹکرایا، حادثے میں نوجوان موقع پر دم توڑ گیا۔ادھر اوکاڑہ میں بھی دھند کے باعث ہونے والے حادثات میں پانچ افراد زخمی ہو گئے،دیپالپور روڈ پر موٹر سائیکل کو ٹرک کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ادھر اوکاڑہ دیپالپور روڈ پر دھند کی وجہ سے موٹر سائیکل اور ٹرک میں ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ لیہ میں کروڑ فتح پور روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے تصادم نے دو افراد کی جان لے لی۔
مانانوالہ کے قریب دھند کے باعث مسافربس اور ٹرک اور میں تصادم سے تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔کوٹ پنڈی داد کے قریب دھند کی وجہ سے کوسٹر نالے میں گرنے سے پندرہ مسافر زخمی ہو گئے۔ پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، لاہور ایئر پورٹ اور موٹروے بند کر دی گئی، دوسرے شہروں میں بھی کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہو گیا،شیخوپورہ میں گرڈ سٹیشن ٹرپ کرنے سے دس گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے،لاہور میں بجلی کے ساٹھ فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
دبئی سے لاہور آنے والی نجی ائیر لائن کی پرواز نمبر این ایل سیون سکس سیون پشاور ائیرپورٹ پر اتار لی گئی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہو گیا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ملتان میں بھی دھند کا راج ہے اور دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
بہاولپور میں کراچی سے آنے والی فلائٹ منسوخ کر دی گئی۔ شیخوپورہ ،ڈسکہ،فیصل آباد،پنڈی بھٹیاں، پنڈ دادنخاں، لیہ، اوکاڑہ، مظفر گڑھ، میلسی، لودھراں سمیت پنجاب کے زیادہ تر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ موٹروے اور نیشنل ہائی وے حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔