پنجاب، آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش، موسم خوشگوار

Punjab Rain

Punjab Rain

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اور آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، لاہور، سمیت، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے حالیہ سلسلے کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے۔

گوجرانوالہ میں بادل کھل کر برسے تو کئی جگہوں پر پانی کھڑا ہو گیا،جس نے لوگوں کو مشکلات میں مبتلا کردیا۔گجرات شہر اور گردونواح میں بارش اورمظفر آباد شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارشوں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ چترال میں صبح سے تیز اور ہلکی بارش جاری ہے بارش کی وجہ سے کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے۔

چوبیس گھنٹوں کے دوران، لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی ،جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش لاہور میں 72 ملی میٹر رکارڈ کی گئی اور سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 42 اور سکھر اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم گرم رہے گا۔ تاہم، لاہور،راولپنڈی، ساہیوال ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔