اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہے، موسم کی صورتحال بتانے والوں نے آج بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ ابر کرم برسنے کی نوید سنائی ہے۔
ملک بھر میں موسم غیر یقینی صورتحال اختیار کیے ہوئے ہے ، راولپنڈی اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے ۔ آج جڑواں شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج بھی میگھا برسنے اور موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی ، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مطلع جزوی یا مکمل ابرآلود رہے گا ، کہیں کہیں رم جھم بھی ہو سکتی ہے۔
بالائی اور جنو ب مشرقی سندھ میں موسم گرم رہے گا ،کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں موسم مرطوب ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور، فیصل آباد ، پشاور، مردان ، مالاکنڈ ، ہزارہ ، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔
ژوب، قلات ، ملتان ، ساہیوال اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔