اسلام آباد : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عزاداری امام حسین کے سلسلے میں منعقدہ مجالس و جلوس کے لئے سیکورٹی کے گئے انتظامات انتہائی غیر تسلی بخش ہیں اور انتظامیہ سیکورٹی کے نام پر کئے جانے والے انتظامات کی آڑ میں عزاداروں کو مجالس عزاء اور جلوسوں میں شرکت سے روکنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت چار دیواری میں مجالس روک کر عوام کے آئینی حق کو سبو تاژ کر رہی ہے جبکہ بعض مقامات پر روایتی جلوسوں کی غیر آئینی طور پر روکنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جو حکومت کا غیر آئینی اقدام ہے، آئین ہمیں حق دیتا ہے کہ ہم عزادرای امام حسین علیہ السلام آزادانہ طور پر جلوس و مجالس کریں اس میں ہم کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔
ہم پنجاب حکومت کے اس غیر آئینی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پراسلام آباد میں9محرم کے مرکزی جلوس میں عزادران حسین سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ مولانا فرحت عباس جوادی، مولانا ضیغم عباس نقوی ،سید نزاکت حسین نقوی ،سید رضی الحسن جعفری، سید محمود الحسن نقوی، ودیگراہم رہنما بھی موجود تھے۔علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ کل یوم عاشور ہ کے موقع پر پورے ملک میں سیکورٹی کے انتطامات فول پروف بناتے ہوئے عزاداران سید الشہداء کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور سیکورٹی کی آڑ میں عزاداروں کو مجالس عزاء اور جلوسوں میں شرکت میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ہم نے انتظامی امور میں ہمیشہ انتظامیہ کا ساتھ دیا لیکن اسے ہماری کمزور ی نہ سمجھا جائے۔ہم کسی بھی صور ت میں عزاداری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔