لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے نمازعید کے اجتماعات کیلئے ایس اوپیز جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
سول سیکرٹریٹ لاہور میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر صحت یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کیلئے ماسک پہننے، سماجی فاصلہ رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
راجہ بشارت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چاند رات اور عید کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات سے متعلق پلان کو حتمی شکل دی جائے۔
یاسمین راشد نے بتایا کہ پنجاب میں روزانہ ایک لاکھ سے زائد افرادکی ویکسی نیشن کی جارہی ہے اور این سی او سی کی جانب سے دیئے گئے ہدف کو پورا کرنے کیلئے ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔