لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے ہزارہ اور سرائیکستان کے نقشے والی آٹھویں جماعت کی جغرافیہ کی کتاب مارکیٹ سے اٹھانے کا اعلان کردیا، وزیر تعلیم رانا مشہود کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کا بھی نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے چھاپی جانے والی جغرافیہ کی کتاب میں ہزارہ اور سرائیکستان کے نقشے شائع کر دیئے گئے تھے، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ کے قریب شائع ہونے والی آٹھویں جماعت کی جغرافیہ کی کتابوں میں پچاس ہزار کتابیں نقشے والی تھیں، ان پچاس ہزار کتابوں کو مارکیٹ سے اٹھایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کتاب کے بارے میں نقشے کا علم ہونے پر اس کی چھپائی فوری رکوا دی تھی جبکہ اس معاملے پر چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے، چئیرمین پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈجنرل اکرم کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
جبکہ دیگر ممبران میں میں ناصر ملک سی او پنجاب ایگزامینشن کمیشن، احسان بھٹہ ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ آفس ، سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن شامل ہیں۔ کمیٹی حکومت کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔