پنجاب حکومت نے ایف بی آر سے زرعی آمدنی والوں کا ڈیٹا مانگ لیا

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے ٹیکس پچانے کے لیے انکم ٹیکس گوشواروں میں زرعی آمدنی ظاہر کرنے والے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ٹیکس دہندگان کا ریکارڈ مانگ لیا ہے۔

’’کو دستیاب دستاویز کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو خط لکھا گیا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے جن ٹیکس دہندگان نے انکم ٹیکس گوشواروں میں گزشتہ 3 سال کے دوران زرعی آمدنی ظاہر کی ہے۔

ان تمام ٹیکس دہندگان کے نام، پتے، نیشنل ٹیکس نمبر، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر اور ٹیکس سے مستثنیٰ ظاہرکردہ زرعی آمدنی کے حوالے سے تمام تر ریکارڈ فراہم کیا جائے تاکہ ان ٹیکس دہندگان کے ریکارڈ کا موازنہ کیا جاسکے کہ ان ٹیکس دہندگان نے گوشواروں میںظاہر کردہ ٹیکس سے مستثنٰی آمدنی پر پنجاب میں زرعی ٹیکس اور آبیانہ اداکیاہے یا نہیں۔

لیٹر میں ایف بی آر سے ٹیکس دہندگان کے ٹیکس ایئر2011، 2012 اور 2013 کے مکمل کوائف بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ٹیکس ونگ کو فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ جن ٹیکس دہندگان کی طرف سے صرف انکم ٹیکس بچانے کے لیے زرعی آمدنی ظاہر کی گئی ہوگی۔

ان کی فہرست مرتب کرکے ایف بی آر کو بھجوائی جاسکے اور ایف بی آر ان کے اخراجات اور آمدنی پر مشتمل تفصیلات کا جائزہ لے کر ان کی درست آمدنی کا تعین کرکے واجب الادا ٹیکس وصول کرسکے اور جن کے ذمے پنجاب میں ٹیکس بنتا ہے ان سے بورڈ آف ریونیو پنجاب کی طرف سے ٹیکس وصولی کی جاسکے۔