پنجاب حکومت سیلاب میں ہونے والے نقصانات کا سروے کروائے، سید بلال شیرازی
Posted on August 28, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور (پی پی سی) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدرسید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب میں ہونے والے نقصانات کا سروے کروائے اورسیلاب متاثرین کی امداد کیلئے فوری طور پر خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
متاثرہ کاشتکاروں کے ذمہ سرکاری واجبات معاف کیئے جائیں اور پھر سے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ان کی مالی مدد کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں سیالکوٹ سے آئے ہوئے یوتھ ونگے کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید بلا ل مصطفی شیرازی نے نہر مرالہ راوی لنک کو 30 مقامات پر غلط طور پر توڑنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہر مرالہ راوی لنک کو سیاسی بنیادوں پر توڑا گیا۔
جس کے نتیجے میں ڈسکہ سیالکوٹ کی ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی سیلاب کی زد میں آگئی اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ اس کی تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے نیز نہر کو جن مقامات سے توڑا گیا انہیں فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ سیلابی پانی مزید علاقے متاثر نہ کرسکے۔