لاہور (جیوڈیسک) حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لئے پنجاب حکومت نے چیف منسٹر فنڈ فار فلڈ ریلیف قائم کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے جس سے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
اس قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی امداد ہم سب کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں چیف منسٹر فنڈ فار فلڈ ریلیف قائم کر دیا گیا ہے۔ جس میں پنجاب کابینہ اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے۔
وہ بیرون ملک پاکستانیوں اور ملک کے مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ متاثرین کی مدد کر کے ان کے دکھوں میں شریک ہوں۔ واضح رہے کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔