لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت گیس چوروں کے خلاف متحرک ہو گئی۔ لاہور میں سابق رکن پنجاب اسمبلی کی ڈائنگ فیکٹری پر چھاپہ مار کر چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ توانائی اور گیس بحران کا سامنے کرنے والی مسلم لیگ ن کی حکومت نے گیس چوروں کے خلاف کریک ڈان شروع کر دیا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب کی قائم کردہ ٹیم نے ڈی سی او لاہور کی سربراہی میں راوی روڈ پر سابق رکن پنجاب اسمبلی قیصر امین بٹ کی ڈائنگ ملز پر چھاپہ مارا اور گیس چوری پر چھ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ڈی سی او لاہور کا کہنا تھا کہ قیصر امین بٹ کی فیکٹری میں سالانہ بیس لاکھ روپے کی گیس چوری کی جا رہی تھی۔ اس موقع پر لیسکو حکام نے بھی فیکٹری کو فراہم کی جانے والی بجلی کا کنکشن چیک کیا۔