حکومت پنجاب اور جرمن کمپنی کے مابین 20 ہزار بائیوگیس ٹیوب ویل لگانے کا کنسلٹینسی معاہدہ طے پا گیا

Punjab Government

Punjab Government

لاہور: محکمہ زراعت حکومت پنجاب اور جرمن کمپنی کے مابین 20ہزار بائیوگیس ٹیوب ویل لگانے کا کنسلٹینسی معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جرمن کمپنی بائیو انرجی برلن اور پاکستانی کمپنی سامپاک حکومت پنجاب کے اشتراک سے 2سال میں 20ہزار ڈیزل پر چلنے والے ٹیوب ویل بائیوگیس پر منتقل کرے گی۔ معاہدہ وزیر اعلی پنجاب کے انرجی کنزرویشن وژن کے مطابق کیا گیا۔

حکومت پنجاب 5ایکڑ تک اراضی والے کاشتکار کو بائیوگیس پلانٹ پر 1لاکھ روپے کی سبسڈی دے گی۔5سے 12.5 ایکڑ تک کے کاشتکار کو فی پلانٹ 75ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔جرمن کمپنی بائیو گیس پلانٹ کی ڈیزائننگ، ڈرائنگ،ٹریننگ اورسپرویژن کی ذمہ دار ہوگی۔ معاہدے سے توانائی کی بچت اور پاکستانی کاشتکار کو ڈیزل کے خرچے کی بچت کے علاوہ بہترین کھاد بھی میسر آئے گی۔میڈیاورلڈ لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے آج یہاں سول سیکریٹریٹ میں حکومت پنجاب اورجرمن کمپنی بائیو انرجی برلن کے مابین بائیو گیس پلانٹ لگانے کے کنسلٹینسی معاہدہ پر دستخط کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بائیو انرجی برلن کے چیف ایگزیکٹو الیگزینڈر بوائٹن، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) احمد علی ظفر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سامپاک مسٹر شیرازی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاویداور سیکرٹری زراعت علی طاہر نے جرمن اور پاکستانی کمپنی کو معاہدے پر مبارکباد دی۔

ڈاکٹر فرخ جاوید نے بتایا کہ معاہدے کے تحت ابتدائی مرحلے میںپنجاب بھرکے ڈیزل سے چلنے والے 20ہزار ٹیوب ویلز کو بائیو گیس پر منتقل کیا جائے گا ۔ جرمن کمپنی بائیو انرجی برلن اور پاکستانی کمپنی سامپاک حکومت پنجاب کے اشتراک سے 24ماہ میں تمام ٹیوب ویلز کو فنکشنل کرے گی۔انہوں نے کہا حکومت پنجاب ٹیوب ویلز کی بائیو گیس پر منتقلی کے لیے بڑے پیمانے پر سبسڈی دے رہی ہے ۔5ایکڑ تک اراضی والے کاشتکار کو بائیوگیس پلانٹ پر 1لاکھ روپے کی سبسڈی ملے گی۔5سے 12.5 ایکڑ تک کے کاشتکار کو فی پلانٹ 75ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔ابتدائی طور پر پائلٹ پراجیکٹ کو کامیاب بنا کر اس کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا ۔صوبہ بھر سے آئی درخواستوں کی بیلٹنگ کے بعد سائٹس کا تعین کیا جائے گا ۔اس پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد حکومت پنجاب 5 سالوں میں 1لاکھ ڈیزل ٹیوب ویلز کو بائیو گیس پر منتقل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ تقریب میں سیکرٹری زراعت علی طاہر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ )احمد علی ظفر ،ڈائیریکٹر جنرل زراعت (فیلڈ) ڈاکٹر محمد بشیر، ڈائریکٹر انفارمیشن رفیق اختر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔