لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے مناواں ہسپتال کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے ہسپتالوں میں عملی نمونہ پیش کر دیا ہے، مناواں ہسپتال ہمارے خوابوں کی عملی تعبیر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں تمام سہولتیں موجود ہیں، صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین دوائیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سفارش، ہڑتال، غنڈہ گردی یا مارپیٹ کا کلچر نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ہسپتال کو فوری سی ٹی سکین فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 سالوں میں صحت کی بہتری کیلئے بے حد محنت کی ہے، اگر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہے تو ہسپتالوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا ہو گا۔