وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے شہریوں کو علاج معالجہ سمیت ہر طرح کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد دورہ کے موقعہ پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
اس موقعہ پر کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ ، ڈی سی او گوجرانوالہ عظمت محمود،ای ڈی او ہیلتھ گوجرانوالہ سعید احمد خان، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائو سہیل اختر،ایم ایس ڈاکٹر الطاف حسین، محکمہ صحت کے افسران ،صدر پریس کلب دھونکل محمود احمد خان لودھی، صدر صحافت بچائو تحریک سید شہباز بخاری اور دیگر بھی موجودتھے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پورے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈزجاری کئے جارہے ہیںانہوں نے ہسپتال میں کام کرنے والی انتظامیہ کے کام کو سراہتے ہوئے موقعہ پر موجود ایکسیئن بلڈنگز سے کہا کہ وہ فنڈز کی فکر نہ کریں اور کام کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے جلدازجلد کام مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوںکو درپیش ہر طرح کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کی پالیسی کے مطابق کنٹریکٹ پر ڈاکٹرز رکھے جاسکتے ہیں اس لئے ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ مقامی طور پر ینگ اور قابل ڈاکٹرز سے پورا کیا جائے محکمہ کواس کی اجازت ہے۔علاج معالجہ کی سہولتوں کے بعدسڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جانب خصوصی توجہ دی گئی ہے شہر کی سڑکیں بہتر ہونے سے یقینََا عوام الناس کے مسائل میں کمی آئی ہے۔ اس موقعہ پر انہوں نے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کام کا سنگ بنیاد رکھا اور اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کو بہترین کام پر شاباش دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے دورہ کے موقعہ پر شہر میں صفائی کا خاص انتظام کیا گیا تھا ہسپتال کے روٹ پر پولیس کی بھاری نفری صبح سے ہی تعینات تھی جبکہ ٹائون میونسپل انتظامیہ نے شہر کے اطراف سے تجاوزات کا عارضی خاتمہ کردیا۔ تجاوزات کے خاتمہ کی وجہ سے شہریوں نے ریلیف محسوس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سے بنیادوں پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔