پنجاب حکومت نے جلسوں کی کیٹرنگ کمپنیوں سے سیلز ٹیکس مانگ لیا

Punjab Government

Punjab Government

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے تحریک انصاف، عوامی تحریک اور دیگر جماعتوں کے جلسوں میں منگوائی گئی کرسیوں، ٹینٹ اور دیگرسامان فراہم کرنے والی کیٹرنگ کمپنیوں سے سیلز ٹیکس مانگ لیا۔

محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے لاہور، میانوالی، ملتان اور فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اجتماعات میں استعمال ہونے والی کرسیوں، ٹینٹس، لائٹنگ اور دیگرکیٹرنگ کے سامان پر سیلز ٹیکس وصول کیا جائے لیکن ابھی تک کسی بھی ڈی سی او کی جانب سے جواباَ کوئی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔

مراسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے لاہور، میانوالی اور ملتان جبکہ عوامی تحریک کے فیصل آباد کے جلسوں کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ جلسوں میں سامان فراہم کرنے والے کیٹررز، اگر سیلز ٹیکس ادا نہ کریں تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مراسلے میں مسلم لیگ نواز کے لاہور میں ہونے والے ایک جلسے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔