لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے ایک مرتبہ پھر سرکاری ملازمین سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے ماتحت اداروں کو جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، کلرک اور نائب قاصد اپنے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات کے بارے میں حکومت کو ایک ہفتے میں تحریری طور پر آگاہ کریں، تفصیلات فراہم نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اس سے قبل بھی ملازمین سے تفصیلات طلب کی تھیں تاہم ملازمین کی اکثریت نے حکومت کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا تھا۔