لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے وسائل کی بند ر بانٹ قبول نہیں، پنجاب حکومت بلدیاتی فنڈز کا غلط استعمال بند کرے ورنہ عدالتی چارہ جوئی کے لئے تیار ہو جائے، فوری طور پرصوبائی مالیاتی ایوارڈ کا اعلان کیا جائے، چاول، گنے اور آلو کے کاشتکاروں کے لئے امدادی قیمت مقرر کی جائے، صوبائی حکومت میگا پراجیکٹس مخصوص مقاصد کے لئے بناتی ہے۔
اس موقع پر چودھری منظور، راجہ عامر، عثمان سلیم، نوید چودھری، اونگزیب برکی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ منظور وٹو نے اس موقع پر این اے 137 کے ضمنی الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی کی طرف سے رائے شاہ جہاں کو امیدوار نامزد کرنے کا بھی اعلان کیا اور پیپلز سٹوڈنٹ فیڈریشن کی تنظیم نو کے لئے اپنی قیادت میں 4 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کا بھی اعلان کیا
جس کے ممبران میں ندیم افضل چن، رانا فاروق سعید اور صاحبزادہ ذوالفقار شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے صدر نصیر احمداور عمر حیات تبسم نے شاہدرہ میں کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام دشمن کے ساتھ ساتھ تعلیم دشمن پالیسیوں پر بھی تیزی سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔