لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے پنجاب بھر کے سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے میگا پراجیکٹ کا آغاز کر دیا، ان میگا پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے مجموعی طور پر 80 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔
تکمیل سے سپیشل بچوں کو پنجاب کے تمام اضلاع میں باآسانی بہترین تعلیمی سہولیات فراہم ہونگی۔ مختلف اضلاع میں 13 نئے ایجوکیشن سنٹر، کالجز تعمیر کئے جارہے ہیں بورڈ آف ریونیو نے فی سنٹر 16 کنال اراضی فراہم کر دی ہے۔
سپیشل بچوں کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی خطیر رقم سے مختلف پروجیکٹس شروع کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کیلئے خصوصی پراجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔
سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن عنبرین رضا کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب سپیشل بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کر رہی ہے ۔ سپیشل بچوں کو بہترسے بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت ملک و قوم کی خدمت ہے اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
لاہور،فیصل آباد ، ،قصور ،لودھراں ،وہاڑی ،کلر سیداں ،بھکر،گوجرانوالہ ،ملتان ،لیہ، اور بہاولپور میں 3 ایجوکیشن سنٹر تعمیر کئے جا رہے ہیں جبکہ راولپنڈی ،فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، وہاڑی، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، بہاولپور، چینوٹ اور سرگودھا میں 2 ایجوکیشن سنٹر وں میں بھی سہولیات کی فراہمی کے پراجیکٹ جاری ہیں اس کیساتھ ساتھ میانوالی، گجرات ڈی جی خان کے ایجوکیشن سنٹروں کی اپ گریڈیشن بھی شروع کر دی گئی ہے۔
جبکہ جنوبی پنجاب کے مناسب کارکردگی نہ دکھانے والے 11 اضلاع بہاولنگر، بہاولپور، بھکر، چینوٹ، ڈیرہ گازی خاں، لیہ، لودھراں، مظفر گڑھ، پاک پتن ،رحیم یار خاناور راجن پور کے اضلاع کیلئے خصوصی پروجیکٹ شروع کئے گئے ہیں۔