لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ایک ہزار 600 مشتبہ افراد کی الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات میں مبینہ ملوث افراد کی تعداد 4 ہزار جب کہ فورتھ شیڈول میں شامل مشتبہ افراد کی تعداد 1600 کے قریب ہے۔ پنجاب حکومت نے فورتھ شیڈول میں شامل ان مشتبہ افراد کی نقل و حرکت محدود کرنے اور ان کے اپنے ساتھیوں سے روابط کا پتہ لگانے کے لئے ان کی الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے تحت مشتبہ افراد کو عید الفطر کے بعد خصوصی کڑے پہنائے جائیں گے جس میں نصب چپ نادرا، پی آئی ٹی اور پولیس کے خود کار نظام سے منسلک ہوگی۔ یہ چپ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان افراد کی نقل و حرکت سے آگاہ کرے گی۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت قانون نافذ کرنے والے ادارے مشتبہ دہشت گردوں کی الیکٹرانک نگرانی کرسکتے ہیں۔