لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے۔
اجلاس سے خطاب کے دوران محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
پوری قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل صفایا کیلئے ایک ہو چکی ہے۔ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ملک اور قوم کے دشمن ہیں، ان کا نام و نشان مٹا دیں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔