لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پنجاب حکومت اور تر کش کو آپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔
معاہدے کی رو سے ووکیشنل ٹریننگ، آثار قدیمہ کی حفاظت، ریڈ کریسنٹ کی استعداد کار بڑھانے اور ہاسنگ کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھایا جائے گا۔
لاہور میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، پاکستان میں ترک سفیر ایس بابر جی گرگن، سیکرٹری ہاسنگ اور ڈی جی ایل ڈی اے نے تقریب میں شرکت کی۔
ترک سفیر ایس بابر جی گرگن اور چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات عرفان الہی نے مفاہمت کے منٹس پر دستخط کئے۔ معاہدے کی روسے ترکی کا ادارہ نصاب کی تیاری، ٹرینرز کی تربیت ،کورسز اور تربیتی آلات بھی فراہم کرے گا اور آثار قدیمہ کے ماہرین کے وفود کے تبادلے کے ساتھ تاریخی عمارات کی حفاظت اور پنجاب کے محکمہ آثار قدیمہ کے سٹاف کی تربیت کا اہتمام بھی کرے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا ترک کمپنیوں کی پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان اور ترکی کی دوستی مضبوط ہو رہی اور اس طرح کے اشتراک سے پاک ترک دوستی مزید مضبوط ہو گی۔