پنجاب کے صنعتی علاقوں میں بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ

Load Shedding Protest

Load Shedding Protest

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے صنعتی علاقوں میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے۔ لاہورمیں ٹاون شپ انڈسٹریل زون کی فیکٹریاں بند ہونے پر صنعت کار اور مزدور سڑکوں پر آگئے اور لیسکو کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دیدی۔لاہور کے سب سے بڑے صنعتی علاقے ٹاون شپ میں بجلی کی غیر اعلانی لوڈشیڈنگ سے سیکڑوں صنعتی یونٹ بند پڑے ہیں، بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف صنعت کار اور مزدوروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی بھی نکالی۔

صدر ٹاون شپ انڈسٹریل اسٹیٹ ظہیر بھٹہ کا کہنا تھا کہ لیسکو چیف معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، 18 گھنٹے بجلی نہیں ملتی، فیکٹریاں کیسے چلائیں۔صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ باربارٹرپننگ سے خام مال خراب اور کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ،ہزاروں مزدور فارغ ہو رہے ہیں ،سردیوں میں یہ حال ہے تو گرمیوں میں کیا بنے گا۔لسیکو حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کوٹے سے کہیں کم بجلی مل رہی ہے ، اس لیے شیڈول پر عمل ممکن نہیں، تاہم اگلے ہفتے معاملات بہتر ہونے کا امکان ہے۔