پنجاب حکومت کی ہدایات ‘ڈی سی او قصور سلمان غنی کی زیر نگرانی ضلع میں اینٹی ڈینگی ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا

Kasur

Kasur

قصور (محمد عمران سلفی سے) پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈی سی او قصور سلمان غنی کی زیر نگرانی ضلع قصور میں اینٹی ڈینگی ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘ضلع کونسل ہال میں ڈینگی آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن میاں بہزاد عادل ‘ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مسعود طارق ، ای ڈی او زراعت عبدالمقیت خاں ،ڈی ایچ او ڈاکٹر ناصر السلام خاں ، ڈسٹرکٹ اینٹا مالوجسٹ محمد خرم ابراہیم ، ڈی او سوشل ویلفیئر عباد علی جتالہ ، لیڈی ہیلتھ ورکرز،ملازمین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی ۔ ضلع کونسل ہال میں ڈینگی آگاہی کے متعلق بینرز اور فلیکسز آویزاں کئے گئے تھے جن پر ڈینگی کو تلف کرنے کے متعلق مختلف پیغامات درج تھے ۔

اس موقع پر انٹا مالوجسٹ نے ڈینگی بخاراسکی علامات ، بچائو اور علاج پر روشنی ڈالی ۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمہ جات پچھلے سال کی طرح اس سال بھی اینٹی ڈینگی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔ تمام حاضرین سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول ‘دفتروں اور گھروں کو مکمل طور پر صاف رکھیں کیونکہ لاروا ہمارے ارد گرد کھڑے پانی میں پرورش پاتا ہے ہم سب نے ملکر ڈینگی کا خاتمہ کرنا ہے اور ڈینگی جیسے موذی مرض کو مات دینی ہے ۔ بعدازاں ایڈیشنل ڈسرکٹ کلکٹر محمد شاہد کی قیادت میں ضلع کونسل ہال سے کچہری تک ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام محکمہ جات کے افسران ‘ملازمین اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے بھرپور شرکت کی ۔

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملک محمد اسلم کی زیر قیادت انکے آفس میں ڈینگی آگاہی واک اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام ملازمین ،معززین شہر اور دیگر نے شرکت کی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ذراسی احتیاط اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا کر کے ڈینگی کا مکمل خاتمہ کر سکتے ہیں کیونکہ ڈینگی لاروا ہمارے ارد گرد کھڑے پانی میں پرورش پاتا ہے ۔ بعدازاں اینٹی ڈینگی واک انکے آفس سے قتل گڑھی چوک تک کی گئی جس میں تمام افسران اور ملازمین نے شرکت کی ۔