اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب اور اسلام آباد میں 37 روز سے بند سی این جی اسٹیشنز کھول دیے گئے لیکن سی این جی کو ترسے اسٹیشنز کو صرف 12 گھنٹے کے لیے سکھ کاسانس ملے گا اور شام 6 بجے گیس کی فراہمی پھر بند کر دی جائے گی۔
سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما فیاض پراچہ کے مطابق شدید سردی میں گیس کی قلت باعث سی این جی اسٹیشنز کو 37 روز سے سپلائی معطل تھی، سی این جی اسٹیشنز کو سپلائی روک کر گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جا رہی تھی۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ موسم سرما میں سی این جی سیکٹر خود ایل این جی درآمد کرے گا اور اس کا بزنس بلاتعطل جاری رہے گا۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
ادھر سندھ میں بھی 6 روز بعد سی این جی اسٹیشنز پر گیس کی فراہمی شروع ہو گئی ہے جس کے باعث سی این جی فلنگ اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔