لاہور (جیوڈیسک) فیصل آباد میں آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی۔ درجنوں درخت اور بجلی کے پول اکھڑ گئے۔ متعدد گھروں کی دیواریں بھی گر گئیں۔ کمال آباد میں گھر کی دیوار گرنے سے نند اور بھاوج جاں بحق ہو گئیں۔
ستیانہ روڈ پر درخت گرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار اور محمد والا میں ایک پول گرنے سے سائیکل سوار نے دم توڑا۔ ڈی سی او فیصل آباد نے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ سرگودھا اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
کئی گھنٹوں تک شہری اور دیہی علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے۔ کئی درخت، کچی دیواریں اور سائن بورڈ منہدم ہو گئے اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ بارش کے باعث دیواریں گرنے اور ٹریفک حادثات میں گیارہ افراد زخمی ہو گئے۔ وہاڑی میں آندھی اور بارش سے کئی درخت اور بجلی کے پول گر گئے اور 9 افراد زخمی ہو گئے۔
بورے والا میں پرکھنی اڈا کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ کہوٹہ کے علاقے ہنیسر ڈھوک پڑی میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ کرک کے علاقے کوہ میدان میں 3 افراد برساتی نالے میں بہہ گئے۔ ان میں سے ایک کو بچا لیا گیا جبکہ 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔