اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مڈل اسکول کھل گئے جہاں چھٹی سے آٹھویں جماعت میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
این سی او سی نے چھٹی تا آٹھویں جماعت کی پڑھائی شروع کرنے کی اجازت دی تھی جس کے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آج سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔
اسکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایس او پیز کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ اسکول پہنچنے پر طلبہ اور اساتذہ کا ٹمپریچر چیک کیا گیا۔
اس کے علاوہ اسکولوں میں سینیٹائزر کا انتظام کیا گیا ہے اور ماسک کے بغیر اسکول میں داخلے پر پابندی ہے۔
سماجی فاصلے کے پیش نظر کلاسز شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہیں اور اسکولوں میں اسمبلی نہیں ہورہی ہے جب کہ کینٹین بھی بند رکھی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ تعلیم بلوچستان کا کہنا ہےکہ کوئی اسکول طلبہ اور عملے کے کورونا مثبت آنے پر بند نہیں رہے گا، متاثرہ طلبہ اور اساتذہ کو 14 روز تک قرنطینہ کیا جائے گا جب کہ طلبہ اور اساتذہ کے کورونا کی رپورٹ منفی آنے پر وہ دوبارہ اسکول آسکیں گے۔
دوسری جانب سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلا سز 28 ستمبر سے شروع ہوں گی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے بھر میں 21 ستمبر سے دوسرے مرحلے میں اسکول کھولنے کا فیصلہ 28 ستمبر تک مؤخر کیا ہے۔