اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حالیہ بارش اور برفباری کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔
چترال میں برف باری کے باعث بند ہونے والی ، لواری ٹاپ ، 3 روز بعد آرمی انجینئرنگ کور نے بحال کردی۔ اُدھر مالاکنڈ ، ہزارہ اور گوجرانوالہ ڈویژنز میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔
سب سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری جبکہ کوئٹہ میں منفی 2 اور چترال میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج قلات ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔