اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی اسمبلی سے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل دوہزار تیرہ کی منظوری کے خلاف مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے اجلاس بلانے اوراحتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اِس فیصلے کا اعلان لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں کیا گیا جو تحریک انصاف کے میاں محمود الرشید کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میںجماعت اسلامی، مسلم لیگ ق اور مجلس وحدت المسلمین کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بھی شریک تھے۔
مختلف جماعتوں کے رہنماں نے قرار دیا کہ یہ بل کی منظوری نہ صرف آئین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اِس کے ذریعے بادشاہت کے نظام کو بھی واپس لایا جارہا ہے اور عوامی نمائندہ کے اختیارات چھینے جارہے ہیں۔
اِس موقع پر قرار دیا گیا کہ حکومت عوامی نمائندوں کے مالی اور انتظامی اختیارات سلب کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر اِس حوالے سے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں سول سوسائٹی اور وکلا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔