لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے بعد لاک ڈاؤن کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
سیکرٹری ہیلتھ محمد عثمان کا کہنا تھا کہ شادی ہالوں کے سوا تمام کاروباری مراکز آج سے کھول دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات متعلقہ انتظامیہ کی اجازت اور ایس او پیز پر عمل سے مشروط ہیں جب کہ تمام کاروباری مراکز ایس او پیز پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
محمد عثمان کے مطابق ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل سکے گی۔
حکومت کی اجازت کے بعد آج سے پنجاب بھر میں بازار، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورینٹس اور سنیما وغیرہ کھول دیے جائیں گے۔
کورونا لاک ڈاؤن سے پہلے کے اوقات کار کے مطابق کاروبار چلے گا، ریسٹورنٹس میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ بیٹھکیں لگیں گی جب کہ سنیما کی اسکرینز بھی جگمگائیں گی۔
ایس او پیز کے تحت پنجاب کے سنیما ہالز میں آنے والوں کو ماسک پہننا ہوگا،گنجائش سے 40 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ تھیٹرز میں بھی شوز ہوں گے لیکن 6 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھنا بھی لازم ہوگا۔
ریسٹورینٹ کے ڈائننگ ہال میں 50 فیصدتک لوگوں کوکھاناکھانےکی اجازت ہوگی، ہر ٹیبل کےدرمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائےگا، پلے ایریاز بند رکھے جائیں گے۔