فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں پنجاب میڈیکل کالج کے ہاسٹل کے کمرے میں بنگلہ دیشی طالب علم مردہ پایا گیا۔ طالب علم کی موت کی وجہ جاننے کے لئے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے الائیڈ اسپتال پہنچا دی گئی۔پنجاب میڈیکل کالج انتظامیہ کے مطابق بنگلہ دیشی طالب علم روشن خان ایم بی بی ایس فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔ اور 13 سال سے ایم بی بی ایس کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
نفسیاتی بیماری کے باعث روشن خان کو گزشتہ سال پاکستان سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا،تاہم اپنا کیس دوبارہ جیتنے کے بعد اسے دوبارہ کالج میں داخلہ دے دیا گیا۔ کالج انتظامیہ کے مطابق روشن خان چار روز قبل ہاسٹل واپس پہنچا تھا۔ آج دیگر طالب علموں کی نشاندہی پر اس کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو وہ مردہ حالت میں تھا۔ پولیس نے بنگلہ دیشی طالب علم کی موت کی وجہ جاننے کے لئے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے الائیڈ اسپتال منتقل کر دی ہے۔