لاہور (8جولائی 2015ئ) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے میڈیکل کالجز کے ساتھ سوتیلا پن ختم کیا جائے، پنجاب حکومت دعوئوں کے برعکس جنوبی پنجاب میں تعلیم کے شعبہ کو نظر انداز کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نام نہاد دعوئوں کی بجائے عملی اقدامات کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیر ہ غازیخان میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل کالجز میں سہولیات کے فقدان کے باعث ہزاروں طلبہ و طالبات کا مستقبل خطرے سے دوچار ہو رہا ہے۔ان کالجز کی بندش کے باعث جہاں طلبہ و طالبات متاثر ہوں گے وہیں دوسری جانب جنوبی پنجاب کے غریب عوام سے صحت کی سہولیات بھی چھن جائیں گی۔
سائنس لیبارٹریز، سٹاف اور دیگر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اپنے فرائض سے حکومت جان چھڑانے کی کوشش نہ کرے۔ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف اس علاقے کی تیز ترین ترقی کی بات کرتے ہیں دوسری طرف مسلسل بے اعتنائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ میڈیکل کالجز کو مطلوبہ سہولیات کا فقدان پنجاب حکومت کے دعوئوں کی قلعی عوام کے سامنے کھول رہے ہیں ، ۔حکومت میڈیکل کالجز کے مسائل کو فوری طورپر حل کرے اور یہاں کے عوام کے احساس محرومی کو ختم کیا جائے۔ صحت کی سہولتوں کی فراہمی کسی بھی دیگر دوسرے منصوبے سے زیادہ اہم ہے۔
غازی میڈیکل کالج ڈیرہ غایخان،ساہیوال میڈیکل کالج ساہیوال اور قائد اعظم میڈیکل کالج کے ساتھ سوتیلی ماں کا جیسا سلوک ختم کرتے ہوئے یہاں تدریسی عملہ کی کمی کو دور کرنے کے لیے پنجاب حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔ زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے طلبہ و طالبات کو مساوی سہولیات دے کر حقیقت میں ان کے دل جیتے جا سکتے ہیں، اب محض دعوئوں اور نعروں کے لولی پاپ سے عوام کو بہلایا نہیں جا سکتا۔