پنجاب : وزیراعلی میاں شہباز شریف نے پی پی پی کے نامزد کردہ نام مسترد کر دئیے
Posted on March 23, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور(رپورٹ، این این اے)پنجاب کے وزیراعلی میاں شہباز شریف نے حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کی طرف سے صوبے کے نگران وزیراعلی کیلیے دییے گئے دونوں ناموں کو مسترد کردیا ہے۔اس بات کا اعلان میاں شہباز شریف نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مسلم لیگ نواز کے رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں حزب مخالف کی جماعت نے نگران وزیر اعلی کے لیے انہیں جو دو نام دیئے ہیں۔
وہ انہیں قابل قبول نہیں ہیں۔پنجاب میں حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعلی کے لیے سابق چیف سیکرٹری حفیظ رندھاوا اور سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس زاہد حسین کے نام تجویز کیے ہیں اور بقول میاں شہباز شریف کے اپوزیشن کی طرف سے یہ دونوں نام حتمی ہیں۔میاں شہباز شریف نے حفیظ رندھاوا اور جسٹس ریٹائرڈ سید زاہد حسین کے ناموں کو مسترد کرتے ہوئے یہ اعتراضات اٹھائے کہ جسٹس زاہد حسین سے پی سی او کے حلف اٹھایا تھا جبکہ حفیظ رندھاوا اْس وقت تک سرکاری رہائش گاہ اور مراعات حاصل کرتے رہے جب تک انہیں یہ مراعات اور گھر چھوڑ نے کے لیے کہا نہیں گیا۔
میاں شہباز شریف کے بقول ان افراد کے موجودگی میں شفاف انتخابات کیسے ہوں گے۔میاں شہباز شریف نے یہ اعلان کیا کہ اگر حزبِ مخالف کی جماعت ان کے پیش کردہ ناموں سے بہتر نام پیش کرے گی تو وہ ایک سیکنڈ ضائع کیے بغیر اس نام کو قبول کرلیں گے۔مسلم لیگ نواز نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان اور سابق بیوروکریٹ خواجہ ظہیر کے نام تجویز کیے تھے۔اس سے پہلے حزبِ اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر، سابق ضلعی ناظم میاں عامر محمود اور سابق چیف سیکرٹری پنجاب حفیظ اختر رندھاوا کے نام تجویز کیے تھے۔
تاہم عاصمہ جہانگیر اور میاں عامر کی جانب سے نگران وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کے بعد ان کے نام واپس لے لیے گئے اور ان کی جگہ سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس زاہد حسین کا نام شامل کیا گیا۔پنجاب کے گورنر مخدوم احمد محمود نے وزیر اعلیٰ کے مشورے پر صوبائی اسمبلی کو گزشتہ رات کو تحلیل کردیا تھا تاہم ابھی تک حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے نگران وزیر اعلی کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا۔