اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخاب سے پہلےعام انتخابات ہو جائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق الیکشن کمیشن کو تفصیلات فراہم کردی ہیں، تحریک انصاف نے گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تمام ثبوت جوڈیشل کمیشن میں اپنے وکیل کو دیئے ہوئے ہیں، انہیں پتا ہے کہ کون سے شواہد کب سامنے لانے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے تک انہیں قومی اسمبلی نہیں جانا تھا لیکن یمن کی صورت حال پر پارلیمنٹ کے بلائے گئے مشترکہ اجلاس میں جانا پڑا اوراب جوڈیشل کمیشن نے پارلیمنٹ کو جائز قرار دیا تب ہی قومی اسمبلی جائیں گے تاہم امید ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخاب سے قبل عام انتخابات ہو جائیں گے۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہمیں وہاں بھی پذیرائی مل رہی ہے جہاں 2013 کے انتخابات میں نہیں ملی تھی، جس کی مثال منڈی بہاؤالدین میں قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب ہے۔ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد گڈے گڈی کا کھیل ہے، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانا آسان کام نہیں تھا لیکن ہم دوبارہ انتخابات کرانے کے لئے بھی تیارہیں۔