لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کے اجراء کا سلسلہ شروع ہو گیا، دوسری طرف لاہور ہائی کورٹ نے حلقہ بندیوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کر دی ہے۔
صوبہ پنجاب میں تیس جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی کے اجراء کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن پنجاب نے اس حوالے سے امیدوار کے لیے انتخابی اخراجات کی حد مقرر کر دی ہے۔
امیدوار 20 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک انتخابی اخراجات کر سکے گا۔ الیکشن کمیشن نے ضلع کونسل اور میٹرو پولیٹن کے مئیر کے لیے 20 ہزار روپے سیکورٹی مقرر کی ہے۔ دوسری طرف لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان کی عدالت میں حلقہ بندیوں کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔
امیدواروں نے موقف اختیار کیا کہ ڈی سی او پنجاب حکومت کے کہنے پر من پسند علاقوں میں حلقہ بندیاں کروا رہے ہیں جو غیرقانونی اور غیر آئینی اقدام ہے جبکہ ڈی سی اوز نے ان کے اعتراضات بھی مسترد کر دئیے ہیں۔
جسٹس فرخ عرفان نے معاملہ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کیس کی سماعت کے لیے لارجر بنچ بنانے کی سفارش کر دی اور فائل چیف جسٹس کو واپس بھجوا دی ہے۔