لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا 30 جنوری کو انعقاد تو ممکن نظر نہیں آتا۔ تاہم اس کے باوجود انتخابی شیڈول پر عمل درآمد جاری ہے اور اپیلٹ ٹریبونلز امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشنر پنجاب محبوب انور نے بتایا کہ جب تک بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا، تب تک الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق کام کرتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے اور انہیں منظور یا مسترد کئے جانے کے مراحل مکمل ہو چکے ہیں، اب شیڈول کے مطابق 11 جنوری تک اپیلٹ ٹریبونلز اپیلوں کی سماعت کریں گے۔
امید وار 12 جنوری کو کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ اور 13 جنوری کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے ساتھ ہی حتمی فہرستیں جاری کر دی جائیں گی۔