لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے پولیس حکام کو صوبہ بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ جلوسوں میں شرکاکی حفاظت کیلئے 41460 پولیس افسروں اوراہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے کسی کو بھی گاڑی کے شیشے کالے کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم ماضی میں اگر کبھی اجازت دی بھی گئی تھی تو اسے منسوخ تصور کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب رانا مقبول احمد، رکن صوبائی اسمبلی رانا ثنااللہ خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ،سیکرٹری ہوم میجر (ر) اعظم سلیمان،انسپکٹر جنرل آف پولیس، انٹیلی جنس بیورو، سی سی پی او اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجو د تھے۔
شجاع خانزادہ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے ضلعی امن کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔ جلوسوں کی مکمل آڈیو اور ویڈیو کوریج کو یقینی بنایا جائے۔شیڈول چار کے لوگوں پر خصوصی نگاہ رکھی جائے اور ضرورت پیش آنے پر انہیں ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا جائے۔