لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کا ٹوکن ٹیکس جمع کرانے کی آخری تاریخ 30ستمبر تھی اور کئی وارننگز کے بعد اب پنجاب بھر میں محکمہ ایکسائز نے غیر رجسٹرڈ یا ٹوکن ٹیکس جمع نہ کرانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر دی ہے۔ راول پنڈی میں بھی محکمہ ایکسائز اور ٹریفک پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر ایکسائز پولیس کے مطابق پولیس والے بھی ہمارے ساتھ ہیں، ٹریفک وارڈن ہیں۔ یہ مہم بہت ضروری ہے۔ اس سے دہشت گردی کا خطرہ بھی کچھ کنٹرول ہوگا اور آمدنی بھی ہوگی۔ غیر رجسٹرڈ اور ایک ہزار سی سی تک گاڑیوں کا لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس جمع نہ کرانے پر 350 سے زائد گاڑیوں پر جرمانے لگے ہیں تو 28 گاڑیاں ضبط بھی کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ فینسی نمبر پلیٹس لگانے والوں کی شامت بھی آ گئی ہے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن سے راول پنڈی میں جولائی سے ستمبر تک 25 کرو ڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوا ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت 7 کروڑ روپے زیادہ ہے۔