لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں آؤٹ آف ٹرن پروموشن کا معاملہ الگ تھا، سپریم کورٹ نے آؤٹ آف ٹرن پروموشن کو غیر آئینی قرار دیا جس سے سارے صوبے متاثر ہوئے، کہتے ہیں پنجاب میں 99 فیصد افسران کی پروموشن درست ہوئیں، او ایس ڈی بنائے جانے والے افسران آج بادشاہی مسجد میں ہونے والے اجلاس میں نیا لائحہ عمل اپنائیں گے۔
پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کا معاملہ ایوان میں گرم رہا ۔ شیخ علاؤ الدین نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں، پارلیمنٹ کردار ادا کرے اور اس معاملے کے حل کے لیے قانون سازی ہونی چاہیئے ، وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آؤٹ آف ٹرن پروموشن کا معاملہ الگ تھا جہاں فوڈ انسپکٹر کو پولیس افسر بنا دیا جاتا تھا ، جبکہ پنجاب میں 99 فیصد افسران کی پروموشن درست ہوئی ہے۔
آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیس میں تقریباً 9 سے 10 ہزار افراد اور ان کے خاندان متاثر ہوئے جنہیں ان کے حق سے محروم کرنا ٹھیک نہ ہو گا ، مگراس میں بہت سی پیچیدگیاں ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب او ایس ڈی بنائے جانے والے افسران آج بادشاہی مسجد میں ہونے والے اجلاس میں نیا لائحہ عمل اپنائیں گے۔