پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم پراعتماد کی قرار داد غیر ضروری ہے، نرگس فیض ملک

Punjab Assembly

Punjab Assembly

لاہور : پیپلزپارٹی کی رہنما اور سابق پارلیمانی سیکرٹری اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم پراعتماد کی قرار داد غیر ضروری ہے، ہم تو جمہوریت کی خاطر ن لیگ کا ساتھ دے رہے ہیں مگر ن لیگ بھی اپنی کارکردگی بہتر بنائے، حکومت کی کارکردگی قراردادوں سے نہیں عملی اقدامات سے بہتر ہوتی ہے۔

حکمران پہلے ہی عوام کو بجلی قیمتوں میں اضافہ کرکے70 ارب کا ٹیکہ لگا چکے ہیں اب بجلی میں مزید اضافہ کرکے عوام پر ظلم نہ کریں، پیپلزپارٹی نے قوم میں شعور بیدار کردیا ہے اور قوم متحد ہو چکی ہے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے پاکستان آگے بڑھے گا اور ترقی کرے گا، حکمرانوں کو عوام کی نبض پر ہاتھ رکھنا نہیں آتا اور وہ نہیں جانتے کہ عوام کے جذبات کیا ہیں ، آصف علی زرداری عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہے ہیں ، حکمرانوں کا بدنما چہرہ بے نقاب ہونے پر اپنے منہ نوچ رہے ہیں ، گیارہ کروڑ عوام خطہ غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ، مائیں اپنے بچوں سمیت خود کشیاں کر رہی ہیں۔

بادشاہوں کی جوڑی نوازشریف اور شہبازشریف سے میں پوچھتی ہوں کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں ،حکمرانوں کی قسمت میں ذلت لکھی ہوئی ہے انہیں عوام کے مسائل کی کوئی فکر نہیں ،انہوں نے کہاکہ حکمران قوم سے جھوٹ بولتے ہیں کہ تحریک انصاف کے پونے چھے مطالبات مان لئے ہیں ، ان میں اگران میں جرات ہے تو مانے گئے مطالبات قوم کے سامنے رکھیں۔