لاہور (جیوڈیسک) اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز کے قیام سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی پنجاب پولیس کے نظام میں بہتری کیلئے ترکی کی مدد سے کئے جانے والے اقدامات اور اصلاحات کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے سیف سٹی منصوبہ کے تحت اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز کے قیام سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ محکمہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ترکی کی حکومت کی مدد سے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔
حکومت پنجاب ان جدید آلات کی فراہمی کے لئے اقدامات کر رہی ہے جس سے جدید خطوط پر تفتیش کے علاوہ جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے کہا کہ حکومت پولیس کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ہوم سیکرٹری اعظم سلیمان نے بتایا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والے افسروں کو محکمہ پولیس کے مختلف ٹریننگ سنٹرز، تفتیشی مراکز اور انویسٹی گیشن اداروں میں تعینات کیا جا رہا ہے جس سے جرائم کی بیخ کنی کے لئے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔