اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس سےہمیشہ غلط اور غیر قانونی کام لیا گیا، اصولاً نواز شریف کو طالبان سے مذاکرات کی قیادت کرنی چاہیے تھی، دوسری طرف آپریشن پر قوم کو اکٹھا کرنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف کی لیڈرشپ نظر نہیں آئی، نواز شریف نے کبھی جمہوریت کو اہمیت نہیں دی۔
عمران خان نے اپنی جماعت کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکمراں ہر موقع پر ذاتی مقاصد کے لئے پولیس کو استعمال کرتے ہیں، انتخابات میں پولیس نے دھاندلی میں اہم کردار ادا کیا۔
پنجاب پولیس سے ہمیشہ غلط اور غیر قانونی کام لیا گیا، تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں پر تشدد سے دکھ پہنچا ہے، لاہور واقعے پر لائحہ عمل کے لیے دیگر جماعتوں سے مشاورت کرینگے۔ انہوںنے سوال کیا کہ کوئی یہ چیک کرے کہ بیریئرز کیوں لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہتحریک انصاف کی سونامی 27 جون کو بہاول پور جائے گی۔