پنجاب پولیس میں اصلاحات پر نواز شریف کو بریفنگ

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم محمد نوازشریف کو پنجاب میں پولیس اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اجلاس میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس پولیس افسران، دانشوروں اور بیورکریٹس سے بھی پولیس اصلاحات بارے مشاورت پر غور کیا گیا۔

ماڈل ٹاون لاہور میں مسلم لیگ نواز کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صوبہ میں پولیس اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کو پولیس اصلاحات پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر اعلی حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب سے پولیس اصلاحات شروع کرنے پر وزیراعظم محمد نوازشریف کے مشکور ہیں اوروہ بھی پولیس فورس کو عوامی خدمتگار کے طور پر دیکھانا چاہتے ہیں، عوام کو بروقت انصاف دلانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریٹائرڈ، حاضر سروس پولیس افسران، دانشوروں اور بیورکریٹس سے بھی پولیس اصلاحات بارے مشاورت کی ہے۔

پولیس اصلاحات سے صوبہ کوامن وامان کے حوالے سے مثالی بنائیں گے۔اجلاس میں چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس اور آئی جی موٹروے نے بھی وزیراعظم محمد نوازشریف کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ پولیس کو کرپشن فری کرنے کے لئے مانیٹرنگ کو سخت کرنا ہو گا۔ فرانزک سائنس لیبارٹری کو مقدمات کی تفتیش کے لئے بہتر طور پر استعمال کیاجائے گا اور افسران کو ریفریشر کورسسز کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ماہرین سے ٹرینگ بھی دلائی جائے گی۔