لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری ہے، پہلے روز چھ سو سے زائد والدین نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کیا اور سترہ ہزار بچے گھروں میں نہیں ملے۔
ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ننھے بچوں کو پولیو جیسے خطرناک مرض سے بچانے کے لیے صوبے کے چھتیس اضلاع میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری رہی، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ اسی لاکھ بچوں کو مرض سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
پہلے روز صوبے بھر کے ساٹھ لاکھ بچوں کر مرض سے بچاو کے قطرے پلائے گئے لیکن چھ سو اسی والدین نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کیا جبکہ سترہ ہزار چار سو بتیس بچے گھروں میں ہی نہیں ملے۔
اٹھارہ فروری تک جاری رہنے والی اس مہم میں چالیس ہزار موبائل اور فکس ٹیمیں گھر گھر جا کر، سرکاری ہسپتالوں، بنیادی صحت کے مراکز اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔